غزہ: فلسطین کے محصور شہر غزہ میں اسرائیل کے نہتے فلسطینیوں پر مظالم جاری ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ میں مزید 250 فلسطینی شہید اور 500 زخمی کر دیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق غزہ جنگ کے 81 ویں دن بھی اسرائیلی فورسز شہر کو ملیا میٹ کرنے میں مصروف ہیں، مختلف علاقوں میں رات دن بارود کی برسات کی جا رہی ہے، اور گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید ڈھائی سو فلسطینی شہید کر دیے گئے۔
اسرائیلی فورسز نے گزشتہ روز خان یونس، البریج اور نصیرات کیمپ کو بمباری کا نشانہ بنایا، بمباری سے سڑکیں تباہ ہو گئی ہیں، ایمبولینسز کو زخمیوں کو اسپتالوں تک پہنچانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
قابص صیہونی فوج نے خان یونس، جبالیہ اور شجائیہ کے اطراف بھی حملے کیے، تقریباً تین ماہ کی اسرائیلی بمباری میں اب تک 20,674 سے زیادہ فلسطینی شہید اور 54,536 زخمی ہوئے ہیں، جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں۔
پارلیمنٹ سیشن میں اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئے
دوسری طرف گزشتہ روز زمینی کارروائی کے دوران مزید 2 اسرائیلی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں، غزہ میں زمینی کارروائی کے دوران اب تک 160 اسرائیلی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔ اسرائیلی حملوں میں طبی عملے کے بھی 311 افراد اور 103 صحافی شہید ہو چکے ہیں۔ اسرائیلی بمباری سے 115 مساجد شہید، 65 ہزار گھر مکمل تباہ، اور 3 لاکھ گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔