غزہ میں اسرائیلی فوج کی بربریت کا سلسلہ تاحال جاری ہے، جس کے نتیجے میں مزید 86 فلسطینی شہید اور 113 زخمی ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق فلسطینی وزارت صحت نے بتایا کہ 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی جارحیت سے اب تک 30 ہزار 717 فلسطینی شہید اور 72 ہزار 156 زخمی ہوچکے ہیں۔
غیرملکی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اسرائیل نے یہودی آبادکاروں کے لیے 3500 رہائشی یونٹ قائم کرنے کی منظوری دیدی ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ غیرقانونی بستیاں فلسطینی علاقوں میں بنائی جائیں گی۔ مغربی کنارہ مختلف ٹکڑوں میں تقسیم ہونے سے فلسطینی ریاست کا قیام ناممکن ہوجائے گا۔
دوسری جانب حماس کا کہنا ہے کہ اس نے فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لیے جنگ بندی تک پہنچنے کے لیے درکار لچک دکھائی ہے لیکن اسرائیل جنگ بندی کے مطالبات سے گریز کر رہا ہے۔
ان مطالبات میں مستقل جنگ بندی، غزہ میں بے گھر فلسطینیوں کی ان کے گھروں کو واپسی، غزہ کی پٹی سے اسرائیلی فوجیوں کا انخلا اور انسانی امداد کا داخلہ شامل ہے۔
بیان کے مطابق ہم اپنے برادرانہ ثالثوں کے ذریعے ایک ایسے معاہدے تک پہنچنے کے لیے بات چیت جاری رکھیں گے جو ہمارے لوگوں کے مطالبات اور مفادات کو پورا کرے۔
’مغرب بےوقوفی نہ کرے‘ روس کا جوابی وار
غزہ میں جنگ بندی پر مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں ہونے والے تین روزہ مذاکرات بغیر کسی پیش رفت کے ختم ہو گئے، یہ مذاکرات مسلمانوں کے مقدس مہینے رمضان کے آغاز سے ایک ہفتہ سے بھی کم عرصہ قبل بے نتیجہ ختم ہوئے ہیں۔