جمعہ, ستمبر 27, 2024
اشتہار

عالمی دباؤ مسترد، اسرائیلی وزیراعظم کا جنگ جاری رکھنے کا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے لبنان میں جنگ بندی کو مسترد کرتے ہوئے حملے جاری رکھنےکا اعلان کر دیا۔

اسرائیلی وزیراعظم نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اقوام عالم کےجنگ بندی کے مطالبے کی مخالفت کی ہے اور دو ٹوک کہا ہے کہ وہ لبنان میں جنگی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیل کی جارحیت کے دوران لبنان پر تازہ حملوں میں 3 شہری جاں بحق اور 17 زخمی ہوئے ہیں۔ اسرائیل کے گزشتہ روز سے جاری حملوں میں 72 لبنانی شہری جاں بحق اور 620 زخمی ہوئے۔

- Advertisement -

اسرائیلی حملوں کی وجہ سے لبنان میں 5لاکھ افراد بےگھر ہو گئے ہیں اور لوگوں نے سرحدی علاقوں کو چھوڑ دیا ہے۔ ہزاروں کی تعداد میں لوگ سرحد پار کر کے شام چلے گئے ہیں۔

حزب اللہ کے ساتھ سرحد پار لڑائی میں شدت آتے ہی اسرائیلی فوج نے بدھ کے روز دو ریزرو بریگیڈز کو لبنان کے ساتھ شمالی سرحد پر بلا لیا ہے۔ ایک فوجی بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں بریگیڈز کو ’’شمالی میدان میں آپریشنل مشنز‘‘ کے لیے بلایا گیا ہے۔

غزہ کے بعد لبنان میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں مشرق وسطیٰ میں جنگ کا دائرہ پھیلنے لگا ہے، عالمی سطح پر اس خدشے کا اظہار کیا جا رہا ہے، ایسے میں اسرائیلی چیف آف اسٹاف نے لبنان میں ممکنہ دراندازی کے لیے فوج کو تیار رہنے کا حکم دے دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ وہ لبنان پر زمینی حملے کی تیاری کر رہے ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل ہرزی حلوی نے ٹینک بریگیڈ سے خطاب میں کہا کہ ہم سارا دن حملے کرتے رہے ہیں، یہ حملے آپ کے وہاں داخل ہونے کا میدان تیار کرنے کے لیے ہیں، اور حزب اللہ پر مسلسل ضرب لگانے کے لیے، حزب اللہ کے ٹھکانوں تک بہت اندر تک پہنچیں، اور وہاں دشمن کو ہمیشہ کے لیے تباہ کر دیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں