اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے یمن سے اسرائیل پر میزائل فائر کئے جانے کے بعد حوثیوں کو دھمکی دی ہے کہ ہمیں نقصان پہنچانے والے غزہ کو یاد رکھیں، جوبھاری قیمت ادا کر رہے ہیں۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق گزشتہ روز یمن سے حوثیوں نے اسرائیل پر میزائل حملہ کیا تھا اور یمنی حوثی اسرائیلی دفاع کو توڑنے میں کامیاب رہے۔
حوثی فوج کے ترجمان کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ انکا میزائل پہلی مرتبہ اسرائیل میں داخل ہونے میں کامیاب رہا اور اپنے ہدف کو حاصل کیا۔
جس پر اسرائیلی وزیر اعظم نے رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں نقصان پہنچانے والے غزہ کو دیکھ لیں۔ یمن کے حویدہ پورٹ پر اسرائیل پہلے ہی حملہ کرچکا ہے۔
نیتن یاہو کا دھمکی دیتے ہوئے کہنا تھا کہ اسرائیل لبنان سرحد کو بھی جلد محفوظ بنائیں گے۔
رپورٹس کے مطابق لبنان سرحد کے ساتھ رہنے والے ہزاروں اسرائیلی گھر بار چھوڑ کر اندرون اسرائیل میں رہائش اختیار کرچکے ہیں۔
حوثیوں کا یمن سے اسرائیل پر میزائل حملہ
اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیل لبنان پر بڑے حملے کی تیاری کر رہا ہے۔ اسرائیلی فضائیہ نے لبنان کے متعدد علاقوں میں وارننگ پمفلٹ گرائے اور وارننگ دی ہے کہ لبنان کے شہری اسرائیلی سرحد کے قریبی علاقوں سے دور منتقل ہوجائیں۔