تل ابیب: غزہ میں اسرائیلی بربریت کا سلسلہ جاری ہے، ایسے میں اسرائیل کے دارالحکومت میں ہزاروں شہری اسرائیلی وزیر اعظم کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے اور وزیراعظم نیتن یاہو کی خلاف احتجاج کرتے ہوئے فوری طور پر مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق غزہ پر مسلسل بمباری اور اپنے یرغمالیوں کو ایک ماہ سے زائد عرصہ گزر جانے کے باوجود تاحال رہا نہ کروا پانے پر اسرائیلی وزیراعظم کو اپنے ہی ملک میں شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب میں آج بھی ہزاروں مظاہرین نیتن یاہو کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے، جنہوں نے اسرائیلی وزیر اعظم کے خلاف شدید احتجاج کیا، مظاہرے میں مخالف جماعتوں پر کریک ڈاؤن اور غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ بھی کیا گیا۔
مظاہرین میں حماس کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے اسرائیلی شہریوں اور فوجیوں کے اہل خانہ اور ان کے دوست بھی شامل تھے جنھوں نے حکومت سے کسی بھی قیمت پر اپنے پیاروں کی محفوظ واپسی کا مطالبہ کیا۔
مظاہرے میں شامل مقررین نے غزہ میں حماس کے ہاتھوں یرغمال 200 سے زائد اسرائیلی اور غیر ملکیوں کو بازیاب نہ کروا پانے پر اسرائیلی وزیراعظم پر کڑی تنقید کی اور اس ناکامی پر فوری استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا۔