نیویارک: امریکا اور بعض یورپی ممالک کی جانب سے اسرائیل کی اندھی حمایت جاری ہے، تاہم اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں امریکا کو اسرائیل کی اندھی حمایت پر ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا نے یو این جنرل اسمبلی میں عرب لیگ کے مقابلے پر کینیڈا سے ترمیم شدہ قرراداد پیش کرائی، تاہم امریکی حمایت کی قرارداد بھاری اکثریت حاصل نہ کر سکی۔
ترمیم شدہ قرارداد کو اکثریت نہ ملنے پر اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں تالیاں بجائی گئیں، اس قرارداد میں حماس اور اسرائیلیوں کو یرغمال بنانے کی مذمت کی گئی تھی، جب کہ جنگ بندی اور غزہ میں انسانی حقوق کی پامالی کا ذکر نہیں کیا گیا تھا۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں غزہ میں جنگ بندی کیلئے قرارداد منظور
یہ ترمیم شدہ قرارداد عرب لیگ کی جنگ بندی کے مطالبے کی قرارداد کے مقابلے میں پیش کی گئی تھی، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھاری اکثریت سے غزہ میں فوری طور پر انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کی قرارداد کو منظور کر لیا گیا ہے، قرارداد کے حق میں 120 ووٹ پڑے، جب کہ 45 غیر حاضر رہے اور 14 بشمول اسرائیل اور امریکا نے قرارداد کے خلاف ووٹ دیا۔