پاکستانی کرکٹر محمد رضوان کی ٹوئٹ اسرائیل سے برداشت نہ ہوسکی، پاکستان کی شکست پر صیہونی ریاست نے ٹوئٹ کرکے خوشی کا اظہار کیا ہے۔
غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف نہتے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرنے کے لیے پاکستانی وکٹ کیپر بیٹرمحمد رضوان نے ٹوئٹ کی تھی۔ انھوں نے سری لنکا کے خلاف اپنی عمدہ اننگز کو فلسطینیوں کے نام کیا تھا جس پر اسرائیل نے اب غصے کا اظہار کیا ہے۔
آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں پاکستان کی بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد اسرائیل کے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے ٹوئٹ کی گئی جس میں بھارتی جیت کا جشن مناتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا گیا ہے۔
اسرائیلی حکومت کے آفیشل ’ایکس‘ اکاؤنٹ سے احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے بعد پیغام جاری کیا گیا جس میں قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کے لیے طنز بھی موجود تھا۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی پوسٹ میں کراؤڈ میں موجود بھارتی مداح کی تصویر پر ردعمل دیا گیا ہے جس نے میچ کے دوران اسرائیل کی حمایت کے اظہار کے لیے پوسٹر اٹھا رکھا تھا۔
https://twitter.com/Israel/status/1713427954024300971?ref_src=twsrc%5Etfw%7Ctwcamp%5Etweetembed%7Ctwterm%5E1713427954024300971%7Ctwgr%5E5636d141f1702d3f27d0b5b5d7446f6b53a08748%7Ctwcon%5Es1_c10&ref_url=https%3A%2F%2Furdu.geo.tv%2Flatest%2F344119-
اپنی ٹوئٹ میں اسرائیلی حکومتی نے لکھا کہ ’ہم بھارتی دوستوں کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ یکجہتی کے اظہار سے متاثر ہوئے ہیں۔ خوشی ہے کہ ورلڈکپ میں بھارت نے پاکستان کے خلاف فتح حاصل کی اور پاکستان کو اپنی فتح کو حماس کے دہشتگردوں کے نام کرنے کا موقع نہ مل سکا۔‘
واضح رہے کہ بھارتی مداح کی یہ تصاویر بھارت میں موجود اسرائیلی سفیر ناؤر گیلون نے شیئر کی تھیں، پوسٹر میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے دیکھا جا سکتا ہے۔