نیو یارک: امریکی اخبار کا کہنا ہے کہ ایران میں پاسداران انقلاب کے کرنل خدائی کے قتل کی ذمہ داری اسرائیل نے قبول کر لی ہے۔
امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے امریکا کو آگاہ کردیا ہے کہ کرنل خدائی کا قتل اسرائیل نے کروایا ہے، اسرائیلی حکام نے امریکی کو بتایا کہ کرنل خدائی ایک خفیہ یونٹ کا سربراہ تھا جسے دنیا بھر میں اسرائیلیوں اور دیگر غیر ملکیوں کے اغوا اور قتل کا کام سونپا گیا تھا۔
اخبار کا کہنا تھا کہ قتل کا مقصد ایرانی پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے خفیہ گروپ کی کارروائیوں کو روکنے کے لیے انتباہ کرنا تھا۔
دوسری جانب ایران اس بات سے انکار کرتا ہے کہ ایسا کوئی یونٹ موجود ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق کرنل خدائی ایرانی پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے رکن تھے، کرنل خدائی کو اتوار کے روز تہران میں ان کے گھر کے سامنے موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔
ایران نے بھی قتل کا الزام اسرائیل پر عائد کیا ہے، ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے قتل میں عالمی عناصر کے ملوث ہونے اور کرنل خدائی کے قتل کا بدلہ لینے کا کہا ہے۔