لبنان کے مشرقی شہر ‘بعلبک’ کے دیہی علاقے پر اسرائیلی فوج کی جانب سے بمباری کی گئی ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی فوج کے جنگی طیاروں نے بعلبک کے قصبے جنّہ کے جوار پر فضائی بمباری کی ہے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق خفیہ معلومات موصول ہونے کے بعد لبنان میں حزب اللہ کے بعض اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
یاد رہے کہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان فائر بندی سمجھوتہ، 27 نومبر 2024 بروز بدھ بمطابق مقامی وقت شام 4 بجے، نافذالعمل ہو گیا تھا۔
سمجھوتے کی دوسری شق کے مطابق ”لبنان حکومت، حزب اللہ اور لبنانی زمین پر موجود دیگر تمام مسلح گروپوں کی طرف سے، اسرائیل کے خلاف ہونے والے حملوں کا سدّباب کرے گی اور اسرائیل بھی لبنان میں شہری، عسکری یا پھر سرکاری اہداف پر برّی، فضائی یا بحری عسکری حملے نہیں کرے گا۔
سمجھوتے کی رُو سے 60 دن کے اندر اندر، اسرائیل کے زیرِ قبضہ جنوبی لبنانی علاقوں میں، لبنانی فوج کی مرحلہ وار تعیناتی کا امکان ہے۔
اس سے قبل رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ امریکا مصر سے ملٹری فنڈز کو لبنان منتقل کر رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکا نے 95 ملین ڈالر کی فوجی امداد لبنان کی طرف منتقل کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جو کہ اصل میں مصر کے لیے مختص کی گئی تھی۔
اسرائیل میں نیتن یاہو حکومت کیخلاف ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے
یہ اقدام صدر جو بائیڈن کے کچھ ساتھی ڈیموکریٹس کی جانب سے مصر کے انسانی حقوق کے ریکارڈ بالخصوص ہزاروں سیاسی قیدیوں کی گرفتاری پر گہری تشویش کا اظہار کرنے کے بعد سامنے آیا ہے۔