شمالی غزہ کو اسرائیلی فوج نے آج چار بار وحشیانہ حملوں کا نشانہ بنایا ہے، کارروائیوں میں اسرائیلی فوج کے ٹینکس اور جنگی جہازوں نے حصہ لیا۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ کے علاقے جبالیہ اور بیت الاہیہ پر شدید بمباری کی جبکہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے والے امدادی کارکنوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ کو چند ماہ پہلے آپریشن کے بعد محفوظ علاقہ قرار دیا تھا اور چار ماہ پہلے اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ پر فتحیاب ہونے کا اعلان کیا تھا۔
اسرائیلی فوجی ترجمان کا تازہ حملوں کے حوالے سے کہنا ہے کہ اسرائیل کا مقصد شمالی غزہ میں حماس کی واپسی روکنا ہے۔
دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ اسرائیل کے پاس رفح کے شہریوں کے تحفظ کے لیے‘قابل اعتماد منصوبے’کا فقدان ہے۔
وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اسرائیل کو 3500 بموں کی ترسیل روکنے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کو جنوبی شہر رفح میں استعمال کیا جا سکتا ہے جہاں اسرائیل کے پاس پناہ گزین 1.4 ملین شہریوں کے تحفظ کے لیے ”قابل اعتماد منصوبہ”کا فقدان ہے۔
مصر کا اسرائیل کیخلاف بڑا اعلان
اے بی سی نیوز سے بات کرتے ہوئے بلنکن نے کہا کہ صدر جو بائیڈن اپنے دفاع میں اسرائیل کی مدد کرنے کے لیے پُرعزم ہیں اور 2,000 پاؤنڈ (900 کلوگرام) اور 500 پاؤنڈ (225 کلوگرام) بموں کی کھیپ امریکی ہتھیاروں کا واحد پیکج تھا جسے روکا گیا تھا۔