غزہ میں اسرائیلی فوج کی بربریت کا سلسلہ جاری ہے، تباہ کن بمباری میں مزید 32 فلسطینی شہید ہوگئےجبکہ درجنوں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایک روز میں غزہ پر اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 32 ہوگئی، جنوبی غزہ کے خان یونس شہر میں اسرائیلی ڈرون حملے میں 4 فلسطینی شہید ہوئے۔
خان یونس میں اسرائیلی بمباری سے بے گھر فلسطینیوں کے خیموں میں آگ بھڑک اٹھی جس سے 11 افراد جُھلس کر موقع پر ہی شہید ہوگئے۔
اسرائیلی فوج نے تلکرم میں فلسطینیوں کے گھروں پر حملے شروع کردیے، فوجیوں نے فلسطینیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور نقل مکانی پر مجبور کیا۔ اسرائیلی حملوں کے باعث غزہ میں پولیو مہم بھی ملتوی کر دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ مغربی غزہ سٹی میں گھر پر فضائی حملے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد شہید ہو ئے، جبکہ نصیرات پناہ گزین کیمپ میں جنگی طیاروں کے حملے میں 3 عام شہری، جن میں 2 بچیاں بھی شامل تھیں لقمہ اجل بن گئے۔
مزید پڑھیں : غزہ کے 6 لاکھ بچوں کے معذور ہونے کا خدشہ
دوسری جانب اردن اور مصر نے اسرائیل اور حماس میں 5 سے 7 سال جنگ بندی کی نئی تجاویز پیش کردیں جب کہ منصوبے میں اسرائیلی فوج کا مکمل انخلا اور قیدیوں کا تبادلہ شامل ہے۔
اسرائیل کی جانب سے 18 ماہ پہلے شروع ہونے والی جنگ میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 51 ہزار 266 ہوگئی ہے، غزہ پر اسرائیلی جارحیت و بربریت سے زخمی فلسطینیوں کی تعداد 1 لاکھ 16 ہزار 991 ہوگئی ہے۔