غزہ میں صہیونی فورسز نے اپنے ہی 20 فوجیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔
الجزیرہ کے مطابق غزہ میں حماس کے جاں بازوں کے ساتھ لڑتے ہوئے بیس اسرائیلی فوجی ’فرینڈلی فائر‘ کی بھینٹ چڑھ گئے، اسرائیلی فوج نے تصدیق کر دی ہے۔
اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ نئے اعداد و شمار کے مطابق غزہ کی پٹی میں زمینی کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے 105 اسرائیلی فوجیوں میں سے 20 دوستانہ فائرنگ اور اسی طرح کے دیگر واقعات میں مارے گئے۔
ٹائمز آف اسرائیل نے رپورٹ کیا کہ ان میں سے 13 فرینڈلی فائر سے مارے گئے، جس میں فضائی حملے، ٹینک فائر اور گولہ باری شامل ہے۔ جب کہ کچھ فوجی حادثاتی طور پر غلطی سے گولی چلنے کی وجہ سے اور کچھ اسرائیلی فورسز کی طرف سے نصب کیے گئے دھماکا خیز مواد پھٹنے کے بعد ٹکڑے لگنے سے مارے گئے۔
اسرائیلی میڈیا نے مزید کہا کہ کچھ فوجیوں کو اس لیے گولیاں ماری گئیں کیوں کہ ان پر حماس کے جنگجو ہونے کا شبہ ہو گیا تھا۔