اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں بربریت کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ تازہ کارروائیوں میں مزید 30 فلسطینی جام شہادت نوش کرگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے اتوار کو چند گھنٹوں کے دوران غزہ سٹی کے 3 اسپتالوں پر حملے کیے، الوفا اسپتال پر حملے میں متعدد لوگ جھلس گئے اور کم از کم 7 فلسطینی جام شہادت نوش کرگئے۔
اسرائیلی فوج نے جمعہ کے روز کمال عدوان اسپتال کو آگ لگاکر اسپتال ڈائریکٹر اور عملے سمیت سیکڑوں افراد کو قیدی بنالیا تھا۔
فلسطین کی وزارت صحت کا کہنا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں غزہ پر اسرائیلی حملوں میں مجموعی طور پر 30 فلسطینی شہید ہوئے۔
اس سے قبل اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے دفتر نے حماس کے ساتھ‘محدود’معاہدے کی رپورٹ کی تردید کی ہے۔
اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر نے ایک میڈیا رپورٹ کو مسترد کر دیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ان کی حکومت اور حماس امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حلف برداری سے قبل خیر سگالی کے اظہار کے طور پر ”محدود”جنگ بندی کے معاہدے پر راضی ہو سکتے ہیں۔
اسرائیل کے چینل 12 کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ دونوں فریق ٹرمپ کے 20 جنوری کو ہونے والے افتتاحی تقریب کے لیے ایک چھوٹی ڈیل میں دلچسپی رکھتے ہیں، لیکن اس نے تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
نیتن یاہو کے دفتر نے اس رپورٹ کو ”مکمل جھوٹ”قرار دیا۔ ٹائمز آف اسرائیل نے بھی ایک نامعلوم سینئر عرب سفارت کار کے حوالے سے رپورٹ کی تردید کی ہے۔
’حماس نے مذاکرات میں زیادہ سے زیادہ لچک کا مظاہرہ کیا‘
اس ماہ کے شروع میں ایک بار پھر غزہ معاہدے کے بارے میں بات چیت کے گرما گرم ہونے کے بعد، اسرائیلی حکومت اور حماس اس ہفتے کسی پیش رفت کی کمی کا الزام لگا رہے ہیں۔