جمعرات, مارچ 20, 2025
اشتہار

اسرائیل کی غزہ میں بربریت جاری، ایک ہی خاندان کے 14 افراد سمیت مزید 37 فلسطینی شہید

اشتہار

حیرت انگیز

اسرائیلی فوج کی جنگ بندی کی خلاف ورزی کے بعد بربریت کا سلسلہ جاری غزہ پر دوبارہ بمباری میں مزید 37 فلسطینی شہید کر دیے گئے۔

اسرائیلی فوج نے منگل سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غزہ پر فضائی حملوں کا سلسلہ شروع کیا تھا جو زمینی حملوں تک دراز ہو گیا ہے۔ صہیونی فوج نے وسطی اور جنوبی حصوں پر دوبارہ زمینی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی توپ خانے کی گولہ باری میں غزہ شہر کے الزیتون محلے اور شمالی غزہ میں مشرقی بیت حنون کو نشانہ بنایا۔ غزہ کی پٹی کے شمال میں بیت لاہیہ کے قصبے میں ایک مکان پر اسرائیلی فضائی حملے میں 14 فلسطینی شہید ہوگئے جن کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا جب کہ متعدد زخمی بھی ہوئے۔

گزشتہ روز بمباری میں 70 سے زیادہ فلسطینی شہید ہوئے تھے اور ان میں اقوام متحدہ کا کارکن بھی جان سے گیا تھا۔ جب کہ رات بھر جاری رہنے والے زمینی اور فضائی حملوں میں نومولود سمیت مزید 37 افراد شہید ہوئے۔

اسرائیلی حملوں میں دو دن میں 470 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ ان میں خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔

حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ کے میڈیا ایڈوائزر طاہر النونو نے ثالث ممالک اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کو اپنی جارحیت روکنے، جنگ بندی کے معاہدے پر عمل درآمد کرنے اور جنگ بندی کے دوسرے مرحلے کا آغاز کرنے پر مجبور کریں جو 19 جنوری کو نافذ ہوا تھا۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ تحریک نے مذاکرات کے دروازے بند نہیں کیے ہیں اور تمام فریقین کے دستخط شدہ موجودہ معاہدے کی روشنی میں نئے معاہدوں کی ضرورت نہیں ہے۔

ایک اسرائیلی اہلکار نے تصدیق کی ہے کہ اگر حماس مزید یرغمالیوں کے حوالے کرنے پر راضی ہوتی ہے تو تل ابیب نے مذاکرات کا دروازہ بند نہیں کیا ہے تاہم غزہ کی پٹی میں حماس کے خلاف اسرائیل کی نئی حملوں کی مہم اس وقت تک جاری رہے گی جب تک کہ باقی تمام مغویوں کو رہا نہیں کیا جاتا۔

اسرائیلی وزیر دفاع نے دھمکی دی ہے کہ یہ غزہ والوں کیلیے آخری وارننگ ہے کہ وہ قیدی واپس کریں اور حماس کو اقتدار سے ہٹائیں۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے غزہ کے بعد مغربی کنارے میں بھی حملے کی دھمکی دیدی ہے۔

اسرائیل کی ماہ رمضان میں بدترین بمباری، 174 بچے شہید

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں