اسرائیلی وزیر دفاع نے فرانس کے صدر میکرون کو خبردار کیا ہے کہ وہ اخلاقیات پر ‘لیکچر’ نہ دیں۔
اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون پر جوابی حملہ کیا ہے جنھوں نے کہا تھا کہ یورپی یونین نیتن یاہو کی غزہ کی "شرمناک” پالیسی پر اسرائیل کے ساتھ تعاون کے معاہدوں پر نظرثانی کر سکتی ہے۔
کاٹز نے ایک بیان میں کہا کہ ہمیں اچھی طرح یاد ہے کہ فرانس میں یہودیوں کے ساتھ کیا ہوا جب وہ اپنا دفاع نہیں کر سکے، صدر میکرون کو ہمیں اخلاقیات پر لیکچر نہیں دینا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ توقع کی جاتی ہے کہ کوئی ایسا شخص جو خود کو اسرائیل کا دوست سمجھتا ہے، قاتل دہشت گرد تنظیم حماس اور برائی کے ایرانی محور کے خلاف جنگ میں اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہوگا۔
کاٹز نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اسرائیلی فوج "انتہائی مشکل اور پیچیدہ حالات میں اعلیٰ ترین اخلاقیات کے ساتھ کام کرتی ہے، یقیناً اس سے زیادہ ہی جو فرانس نے اپنی ماضی کی جنگوں میں کیا ہے۔
اسرائیل اور اس کے رہنماؤں کے خلاف بین الاقوامی عدالتوں میں ان الزامات کے تحت مقدمات چلائے گئے ہیں کہ وہ غزہ میں نسل کشی اور جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہے ہیں۔
بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) نے نیتن یاہو اور سابق وزیر دفاع یوو گیلنٹ کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔