گزشتہ دنوں حماس کے بھرپور حملے کے بعد اسرائیل میں ہونے والی تباہی اور ناکامی کو چھپانے کیلئے یورپی یونین نے فیس بک انتظامیہ پر اپنا دباؤ بڑھا دیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق یورپی یونین نے اسرائیل پر حماس کے حملے کے بعد میٹا کے پلیٹ فارم فیس بک پر غلط معلومات پھیلانے کا الزام عائد کیا ہے اور زکربرگ کو متنبہ کیا ہے کہ وہ یورپی قانون کی تعمیل کریں اور 24گھنٹے کے اندر اس کا جواب دیں۔
یورپی یونین نے بدھ کے روز میٹا کے سی ای او مارک زکر برگ کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اسرائیل پر حماس کے حملے کے بعد اپنے پلیٹ فارمز پر شائع ہونے والی ’’غلط معلومات‘‘ کے مواد کو فوراً ہٹا دیں اور اگر اس کے پلیٹ فارمز یورپی قانون کی تعمیل نہیں کرتے تو اسے جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔
یورپی کمشنر تھیئری بریٹن نے بدھ کے روز مارک زکربرگ کو لکھے گئے ایک خط میں کہا کہ میٹا کے پاس اس سلسلے میں جواب دینے اور یورپی قانون پر تعمیل کرنے کے لیے 24 گھنٹے کا وقت ہے۔ خیال رہے کہ انسٹا گرام اور فیس بک کے ساتھ ساتھ تھریڈز جیسے مقبول سوشل میڈیا پلیٹ فارمز میٹا کی ملکیت ہیں۔
میٹا کے ترجمان نے بی بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ انہوں نے حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد فوری طور پر ایک خصوصی آپریشن سینٹر قائم کیا جس میں عبرانی اور عربی بولنے والے شامل ہیں تاکہ اس تیزی سے بدلتی ہوئی صورت حال پر نگرانی رکھتے ہوئے اس کا جواب دیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیمیں پلیٹ فارمز کو محفوظ رکھنے کے لیے 24 گھنٹے کام کررہی ہیں جو ہماری پالیسیوں یا مقامی قانون کی خلاف ورزی کرنے والے مواد پر کارروائی کررہی ہیں جب کہ اس حوالے سے غلط معلومات کے پھیلاؤ کو محدود کرنے کے لیے بھی کام کیا جارہا ہے۔