بیروت: اسرائیلی فورسز نے لبنان کے جنوبی علاقے سے ہجرت کرنے والے شہریوں کی واپسی کی کوشش کے دوران حملہ کردیا۔
لبنانی حکومت کے مطابق جنگ بندی معاہدے کے تحت جنوبی لبنان سے اسرائیلی فوج کے انخلا کی ڈیڈ لائن گزرنےکے بعد گھروں کو لوٹنے والے لبنانی شہریوں پر اسرائیلی فوج نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 22 افراد شہید اور 124 زخمی ہوگئے۔
خبرایجنسی رائٹرز کے مطابق اسرائیل نے جنوبی لبنان میں شہریوں کو انخلا کا حکم دیا تھا اور اس کی ڈیڈلائن ختم ہونے کے بعد اسرائیلی فوج کے حکم کے تحت شہری واپس آرہے تھے کہ صہیونی فورسز نے حملہ کردیا۔
رپورٹ کے مطابق مذکورہ علاقے میں تاحال اسرائیلی فوج قابض ہے جبکہ شہری وہاں داخلے کی کوشش کر رہے تھے، سوشل میڈیا پر وائرل وڈیوز میں دیکھا جاسکتاہے کہ لبانانی شہری اپنے علاقوں کی طرف جا رہے ہیں کہ صیہونی فوج نے حملہ کر دیا۔
خیال رہے کہ لبنان جنگ بندی معاہدے کے تحت اسرائیل کو 2 ماہ کے اندر جنوبی لبنان سے انخلا کرنا تھا تاہم اسرائیلی فوج نے گزشتہ دنوں جنوبی لبنان چھوڑنے سے انکار کردیا تھا۔