اسلام آباد : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان میں کوئی اسرائیلی طیارہ نہیں آیا، ایسی خبر من گھڑت اور بے بنیاد ہے۔
قومی اسمبلی کا اجلاس قاسم سوری کی زیرصدارت ہوا اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسرائیلی طیارے کی آمد سے متعلق وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کوئی اسرائیلی طیارہ نہیں آیا۔
طیارے کی پاکستان آمد کی خبر من گھڑت اور بے بنیاد ہے، ان خبروں میں کوئی حقیقت نہیں ہے، اس کے باوجود اگر آپ اس کا ذکر کرنا چاہیں تو کوئی روک نہیں سکتا لیکن اپوزیشن کے اطمینان کے لیے کہہ رہا ہوں کہ خبر میں کوئی حقیقت نہیں۔
اپنے خطاب شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو سعودی عرب سے ملنے والے پیکیج پر شرائط کی باتیں کی گئی ہیں، اس لیے یہ واضح کرتا ہوں کہ ہم سعودی عرب کے کہنے پر کہیں پر کوئی فوج نہیں بھیج رہے اور نہ ہی سعودی عرب نے ایسی کوئی شرط رکھی کہ ہم یمن میں فوجی بھیجیں۔
مزید پڑھیں: وزیر خارجہ نے اسرائیلی طیارے کی پاکستان آمد کی خبر کو بے بنیاد قرار دے دیا
وزیر خارجہ نے کہا کہ اگر ہم مشرق وسطیٰ کے اختلافات میں کمی کیلیے کوئی مثبت کردار ادا کرسکتے ہیں تو ضرور کرنا چاہیے۔