اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ حماس نے غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کےمعاہدے کی منظوری دیدی۔
اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ حماس نے غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کےمعاہدے کی منظوری دیدی، جنگ بندی پر جمعرات سے عملدرآمد ہوا تو اتوار سے قیدیوں کا تبادلہ ہو گا۔
حماس نےجنگ بندی اور یرغمالیوں کی واپسی کی تجویز پر اتفاق کر لیا ہے۔ جنگ بندی اور یرغمالیوں کی واپسی کی تجاویز قطری مذاکرات کاروں نے پیش کی تھی۔
اسرائیل نےحماس کو مطلوبہ نقشے فراہم کر دیئے ہیں۔ جنگ بندی معاہدےکااعلان مصرمیں کیا جائے گا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے ایسے نقشے بھیجے ہیں جن پر تکنیکی کمیٹیوں میں اتفاق کیا گیا تھا۔
اسلامی تحریک مزاحمت- حماس کی قیادت نے فلسطینی دھڑوں کے رہنماؤں کے ساتھ متعدد مشاورتی اجلاس اور رابطے کیے ہیں جن میں دوحا میں جاری مذاکرات میں ہونے والی پیشرفت کے حوالے سے تفصیلات فراہم کی گئیں۔
ان مشاورتوں کے دوران فلسطینی دھڑوں کے قائدین نے مذاکرات کے عمل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ مرحلے اور اس کے تقاضوں کے لیے قومی سطح پر تیاری کی ضرورت پر زور دیا۔
حماس کی قیادت اور مختلف قوتوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کی تکمیل تک مشاورت اور رابطے جاری رکھے جائیں گے، کیونکہ یہ مذاکرات اپنے آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ مذاکرات ایک جامع اور واضح معاہدے پر منتج ہوں گے۔
امریکا نے جنگ بندی کے بعد غزہ کے لیے منصوبے کا خاکہ پیش کر دیا۔
وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا ہے کہ سبکدوش ہونے والی بائیڈن انتظامیہ کے پاس جنگ کے خاتمے کے بعد غزہ کے لیے ایک منصوبہ ہے جسے وہ ٹرمپ کی ٹیم میں شامل اپنے جانشینوں کے حوالے کر دے گی۔
بلنکن کے پیش کردہ منصوبے کے اہم نکات
بین الاقوامی شراکت دار فلسطینی اتھارٹی (PA) کی غزہ میں شہری امور بشمول پانی، توانائی، صحت کی دیکھ بھال اور بینکنگ کی نگرانی کے لیے ایک عبوری انتظامیہ کے قیام میں مدد کریں گے۔
عبوری انتظامیہ جلد از جلد غزہ کا مکمل کنٹرول ایک "اصلاح شدہ” PA کے حوالے کر دے گی۔
ایک عبوری سیکورٹی فورس جس میں "شراکت دار ممالک” کے فوجی شامل ہوں گے "انسانی ہمدردی اور تعمیر نو کی کوششوں کے لیے ایک محفوظ ماحول” بنانے اور حماس کی طرف سے ہتھیاروں کی اسمگلنگ کو روکنے میں مدد کرے گی۔
امریکہ "غزہ کے لیے امن و امان پر توجہ دینے اور بتدریج عبوری سیکیورٹی مشن کی ذمہ داری سنبھالنے کے لیے غزہ کے لیے PA کی قیادت میں سیکیورٹی فورس کی تربیت، لیس، جانچ کے لیے اقدامات کرے گا۔
اسرائیل اس سے قبل PA کو غزہ پر قبضے کی اجازت دینے سے انکار کر چکا ہے۔
یہ بھی واضح نہیں ہے کہ آیا حماس غیر ملکی سکیورٹی فورسز کو علاقے میں پولیسنگ اور بارڈر کراسنگ کی نگرانی کرنے کی اجازت قبول کرے گی۔