اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو امریکا کا دورہ کرنے والے ہیں جہاں وہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات میں اہم مسائل پر تبادلہ خیال کریں گے۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ نیتن یاہو دورہ امریکا کے موقع پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ملاقات میں ٹیرف اور ایران سمیت متعدد مسائل پر بات چیت کریں گے۔
دورے کے ایجنڈے میں ترکی اور اسرائیل کے تعلقات، ایران سے خطرہ، اسرائیل کی غزہ پر جاری جنگ، ٹیرف اور بین الاقوامی فوجداری عدالت کے خلاف لڑائی شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نیتن یاہو کے دو سینئر مشیر گرفتار
امریکی میڈیا نے امریکی اور اسرائیلی حکام کا حوالے دیتے ہوئے بتایا کہ یہ ملاقات پیر کو وائٹ ہاؤس میں ہوگی، ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کو نیتن یاہو سے ٹیلیفونک رابطے میں انہیں دورے کی دعوت دی تھی۔
اسرائیل نے حال ہی میں امریکی درآمدات پر بقیہ محصولات کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔ دونوں ممالک کا آزادانہ تجارتی معاہدہ اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ تقریباً 98 فیصد امریکی اشیا ٹیکس فری اسرائیل میں داخل ہوں۔
نیتن یاہو اس وقت جنگی جرائم کے الزام میں اپنے خلاف بین الاقوامی فوجداری عدالت کے وارنٹ گرفتاری کی خلاف ورزی کرتے ہوئے یورپ کے اپنے پہلے دورے پر ہنگری میں موجود ہیں۔
اس کے علاوہ غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے اور وہاں حماس کے زیر حراست یرغمالیوں کی واپسی پر ایک نئے معاہدے تک پہنچنے کی کوششوں کو روکنا بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔