اسلام آباد : پاکستان نے امریکی صدر کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالخلافہ ماننے کے اعلان پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر کا اعلان عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلے میں عالمی قوانین اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی سنگین خلاف ورزی کی گئی۔
امریکی اقدام کئی دہائیوں کےاتفاق رائے کے بھی خلاف ہے، پاکستان اس معاملے پراو آئی سی کے حالیہ اعلامیے کی توثیق کرتا ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی عوام، حکومت امریکہ کے اس اقدام کی دوٹوک مخالفت کرتے ہیں، پاکستان خودمختار،آزاد، مستحکم فلسطینی ریاست کے قیام کا خواہاں ہے، فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، پاکستان معاملے پر او آئی سی کے حالیہ اعلامیے کی مکمل توثیق کرتا ہے۔
یاد رہے کہ امریکی صدر نے واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے یروشلم کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
مزید پڑھیں: امریکا نے یروشلم کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرلیا
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ کئی امریکی صدور نے اس اقدام کا سوچا تھا لیکن وہ ایسا نہیں کرسکے اس لیے یہ معاملہ کافی برسوں سے التواء کا شکار تھا جس پر میں آج سخت فیصلہ کرتے ہوئے یروشلم کو اسرائیل کا دارالخلافہ تسلیم کرنے کا اعلان کرتا ہوں اور اس مشکل کام کو انجام تک پہنچانے پر خوشی محسوس کر رہا ہوں۔