آکسفورڈ: آکسفورڈ یونیورسٹی یونین کے الیکشن میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے طالب علم نے بڑی کامیابی حاصل کر لی۔
پاکستانی طالب علم اسرار خان کاکڑ بڑے مارجن سے یونین کے صدر منتخب ہوگئے۔ یاد رہے کہ سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو آکسفورڈ یونیورسٹی یونین کی پہلی خاتون صدر منتخب ہوئی تھیں۔
اسرار خان کاکڑ نے الیکشن میں 617 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مدمقابل امیدوار صرف 393 ووٹ حاصل کر سکے۔ اسرار خان کاکڑ قانون میں ڈاکٹریٹ پڑھ رہے ہیں اور ان کا آبائی تعلق قلعہ عبداللہ بلوچستان سے ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے گزشتہ ہفتے اسرار خان کاکڑ کو اسکالرشپ دینے کا اعلان کیا تھا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل مارچ 2021 میں آکسفورڈ یونیورسٹی میں ہونے والے اسٹوڈنٹس یونین کے انتخابات میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے سانحہ آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) کے طالب علم احمد نواز کامیاب ہوئے تھے۔
احمد نواز گورننگ باڈی اور اسٹینڈنگ کمیٹی کے ممبر منتخب قرار پائے تھے۔ احمد نواز کو 2020 اگست میں آکسفورڈ یونیورسٹی میں داخلہ ملا تھا۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر انہوں نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ آج مجھے یہ بتاتے ہوئے فخر محسوس ہو رہا ہے کہ مجھے آکسفورڈ یونیورسٹی میں داخلہ مل گیا جہاں اب میں مزید تعلیم کا سلسلہ جاری رکھوں گا۔