جمعہ, اپریل 25, 2025
اشتہار

حکومت نے عام تعطیل کا اعلان کر دیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: سندھ حکومت نے عالمی یوم مزدور کے موقع پر یکم مئی کو عام تعطیل کا اعلان کر دیا۔

سندھ حکومت کے مطابق صوبے بھر میں یکم مئی کو تعلیمی ادارے اور دفاتر بند رہیں گے۔ اس حوالے سے حکومت باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ جمعرات یکم مئی کو صوبے بھر سرکاری و نیم سرکاری دفاتر بند رہیں گے۔

دوسری جانب ترجمان کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر 26 اپریل کی چھٹی کا چلنے والا نوٹیفکیشن جعلی ہے کمشنر کراچی کی جانب سے ایسا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔

مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے عزم کی تجدید کے ساتھ پاکستان سمیت دنیا بھر میں مزدوروں کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ پاکستان سمیت تقریباً دنیا کے ہر ملک میں سرکاری تعطیل ہوتی ہے۔

عالمی یوم مزدور’ شکاگو میں مزدوروں کی جانب سے کئے جانے والے احتجاج پر امریکی حکومت کی جانب سے تشدد کے نتیجے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے مزدوروں کی یاد میں منایا جاتا ہے۔

یکم مئی اٹھارہ سو چھیاسی میں چند مزدور رہنماؤں کی اپیل پر شکاگو کی فیکٹریوں میں کام کرنے والے چار لاکھ مزدوروں کی جانب سے ہڑتال کی گئی، ہڑتال اس قدر کامیاب تھی کہ ایک امریکی اخبار نے لکھا کہ کسی ایک بھی فیکٹری کی چمنی سے دھواں اٹھتا دکھائی نہیں دیا۔

مزدوروں نے نا صرف یہ کہ ہڑتال کی بلکہ شکاگو کے ‘ہے مارکیٹ اسکوائر’ پر احتجاج کیلئے جمع ہونے لگے، ایک محتاط اندازے کے مطابق پچیس مزدور احتجاج کیلئے جمع ہوئے۔

مزدوروں کا مطالبہ تھا کہ ان کے کام کے اوقات 14 گھنٹے سے کم کرکے آٹھ گھنٹے کیے جائیں اور اس مطالبے میں مقامی، غیر مقامی، ہنر مند اور مزدور سب ہی شامل تھے مگر پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں کئی مزدور مارے گئے اور ان کی تعداد کے بارے میں اب تک درست معلومات نہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان کی پہلی لیبر پالیسی 1972 میں تشکیل دی گئی تھی جس میں یکم مئی کو سرکاری طور پر تعطیل کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں