اسلام آباد: ترک پولیس نے چھاپہ مار کارروائیاں کرتے ہوئے مزید دو پاکستانیوں کو بازیاب کروالیا، جس کے بعد بازیاب ہونے والے پاکستانی شہریوں کی تعداد 8 ہوگئی ہے، ترجمان دفتر خارجہ نے بازیابی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں شہریوں کی شناخت بلال اور فرخ کے نام سے ہوئی۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ترک پولیس نے مختلف شہروں میں کارروائیاں کرتے ہوئے مزید دو پاکستانیوں کو بازیاب کروالیا جس کے بعد بازیاب ہونے والے شہریوں کی تعداد 8 ہوگئی ہے۔
دفتر خارجہ سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’’بازیاب ہونے والے پاکستانی شہریوں کی شناخت بلال اور فرخ کے نام سے ہوئی ہے، پاکستانی قونصل کا عملہ دونوں افراد سے مکمل رابطے میں ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے پاکستانیوں کی بازیابی پر ترک حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔
دوسری جانب پہلے بازیاب ہونے والے دو پاکستانی اشفاق اور فضل امین ہفتے کی صبح پانچ بجے پی آئی اے کی فلائٹ سے وطن واپس پہنچ جائیں گے ان کے سفری کاغذات سفارت خانے کی طرف سےمکمل کرلیے گئے ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ دونوں پاکستانی پرواز نمبر پی کے 708 سے کراچی پہنچیں گے، یہ پرواز صبح 5 بجے کراچی ایئرپورٹ پر لینڈ کرے گی۔
واضح رہے کہ گوجرانوالہ اور بالخصوص پنجاب کے دیگر شہروں کے متعدد افراد کو انسانی اسمگلروں نے ترکی کی سرحد پر اغوا کاروں کے ہاتھوں فروخت کردیا تھا۔
ان اغوا کاروں نے پاکستانیوں پر بدترین تشدد کی ویڈیوز بنا کر اہل خانہ کو ارسال کیں اور رہائی کے عوض فی کس 20 لاکھ روپے تاوان طلب کیا تھا۔
یہ تمام افراد ترکی کے راستے یورپ جانے کے خواہش مند تھے، انہیں پاکستان میں موجود انسانی اسمگلروں نے سہانے خواب دکھا کر یورپ لے جانے کا جھانسہ دیا تھا۔
ایف آئی اے نے گوجرنوالہ میں کارروائی کرتے ہوئے تین انسانی اسمگلروں کو گرفتار کیا جنہیں ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا گیا ہے جبکہ پاکستانی حکومت کی درخواست پر ترک حکومت نے کارروائی کرتے ہوئے استنبول سے چھ مغوی پاکستانیوں کو بازیاب کرایا جن میں سے دو کل وطن پہنچ رہے ہیں بقیہ کی واپسی بھی سفری کاغذات مکمل ہونے کے بعد جلد متوقع ہے۔