کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سرد موسم میں کسی کو بے گھر کرنا تکلیف دہ ہے، جو بھی بے گھر ہو ان کو خیمے دیے جائیں۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کابینہ کی جانب سے صوبے میں گھروں کو مسمار کرنے سے پہلے متبادل کا انتظام کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کابینہ کے مطابق جن لوگوں کو بے گھر کریں گے وہ کہیں اور جا کر قبضہ کر کے گھر بنائیں گے۔
صوبائی کابینہ کے اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ سندھ کینال کے ساتھ تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے، بدین گھوٹکی ودیگر اضلاع میں ہزاروں لوگ بے گھر ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ضلعی سطح پر بےگھر خاندانوں کا سروے کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سرد موسم میں کسی کو بے گھر کرنا تکلیف دہ ہے۔
مراد علی شاہ نے عدالتوں سے درخواست کے لیے ایڈووکیٹ جنرل کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ درخواست کر کے گھر مسمار سے پہلے متبادل انتظام کرنے کی اجازت لی جائے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے چیف سیکریٹری، وزیرریونیو، وزیر کچی آبادی پر مشتمل کمیٹی قائم کی ہے جو کمیٹی بے گھر ہونے والے افراد کی نقصانات کا جائزہ لے گی۔