پیر, فروری 3, 2025
اشتہار

ہونہار نوجوان نبیل حیدر کو بہترین تربیت کی فراہمی کے لیے وزیر آئی ٹی کا بڑا قدم

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: سوشل میڈیا پر سامنے آنے والے ہونہار لڑکے نبیل حیدر کو بہترین سافٹ ویئر انجینئر بنانے کے لیے وفاقی وزیر آئی ٹی نے اہم اعلان کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق شہر قائد سے تعلق رکھنے والے 15 سالہ نبیل حیدر نے واٹس ایپ کی طرز پر ایپلی کیشن بنائی، سوشل میڈیا کی خبروں پر سید امین الحق نے نبیل حیدر کی حوصلہ افزائی کے لیے فوری اقدامات کا اعلان کیا ہے۔

وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق نے اس سلسلے میں نبیل حیدر سے ملاقات بھی کی، ملاقات میں سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ، انکیوبیشن سینٹر حکام، اور ٹیلو ٹاک کے ڈائریکٹر بھی شریک ہوئے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نبیل حیدر کو نیشنل انکیوبیشن سینٹر میں وزارت کے تحت تربیت فراہم کی جائے گی، اور ٹیکنیکل ٹریننگ سے کم سن نبیل حیدر کے ٹیلنٹ کو مستحکم کیا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ تربیت کے علاوہ ٹیلو ٹاک کی جانب سے نبیل حیدر کو معقول معاوضہ اور ضروری معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔

امین الحق کا کہنا تھا کہ واٹس ایپ کی طرز پر ایپلی کیشن کی کوشش اچھی ہے، مناسب تربیت اسے بہترین سافٹ ویئر انجینئر بنا دے گی، مقامی ٹیلنٹ کو ابھارنے کے لیے وزارت آئی ٹی اپنی بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ کراچی سے تعلق رکھنے والا یہ باصلاحیت نوجوان نویں جماعت کا طالب علم ہے، جنھوں نے ’ایف ایف میٹنگ‘ کے نام سے واٹس ایپ طرز کی ایپلی کیشن بنائی ہے، جس پر انکرپٹڈ کالز کی سہولت، مختلف رنگ کے تھیمز، بہ یک وقت 5 لاکھ سے زائد افراد کو میسج کرنے کی سہولت سمیت کئی ایڈوانس فیچرز موجود ہیں۔

نبیل کے والد کراچی کے علاقے دستگیر میں چھولے اور ڈونٹس فروخت کرتے ہیں، نبیل نے 3 سال کی ان تھک محنت کے بعد یہ ایپلی کیشن تیار کی ہے، جس کے لیے ان کے والد نے لیپ ٹاپ اور دیگر سامان خرید کر دیا، یہ ایپلی کیشن اب تک پلے اسٹور پر 1 لاکھ سے زائد افراد ڈاؤن لوڈ کر چکے ہیں۔

اہم ترین

مزید خبریں