شاہد آفریدی نے عمران خان کی کارکردگی سے متعلق کہا ہے کہ ایسی بات نہیں عمران خان کی حکومت نے کچھ نہیں کیا بلکہ ان کی ٹیم کارکردگی بتا اور دکھا نہیں پارہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار مایہ ناز کرکٹر شاہد خان آفریدی نے لندن میں اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، سابق قومی کرکٹر نے کہا کہ کشمیری پریمئیر لیگ میں دو فرنچائزز مزید آئیں گی۔
شاہد خان آفریدی کا کہنا تھا کہ لوگ کشمیر پریمئیر لیگ کو مثبت لے رہے ہیں، کیوں کہ کے پی ایل سے ٹیلنٹ سامنے آیا ہے جو پی ایس ایل کا حصّہ بنا اور وہ پورے پاکستان کا حصہ بھی بنیں گے۔
سابق پاکستانی کرکٹر نے کہا کہ کشمیر پریمئیر لیگ سے پوری دنیا میں کشمیر کا پرامن میسج گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن سے قبل عمران خان نے جو وعدے کئے ان کے لئے دس سال چاہیے تھے، میرے خیال میں انہوں نے وعدے کچھ زیادہ کردئیے تھے۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ عمران خان نے کرکٹ میں پریشر برداشت کیا میرے خیال میں سیاست کا پریشر بھی برداشت کرلیں گے۔
سابق قومی کرکٹر کا کہنا تھا کہ ریموٹ ایریاز میں بنیادی سہولیات مہیا نہیں ہیں، حکومت کے کام حکومت کو کرنے چاہییں، جہاں گیا ہوں وہاں فوج کام کرتی دکھائی دے رہی ہے، ہر کام فوج کیوں کرے حکومت بھی کچھ کرے۔
انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ عمران خان نے کچھ نہیں کیا بلکہ ان کی ٹیم وزیراعظم کی کارکردگی دکھا اور بتا نہیں پارہی ہے۔
سابق کرکٹر نے اپنی سیاست میں انٹری سے متعلق کہا کہ اگر یہ کہوں کہ میں سیاست میں نہیں آونگا اور پھر آگیا تو لوگ مجھے بھی یہی کہیں گے کہ یوٹرن لیتا ہے اسی لیے نہیں کہتا کہ مستقبل میں عملی سیاست میں نہیں آؤں گا۔
شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ لیکن مجھے خدمت کی سیاست اچھی لگتی ہے اور میں وہ کرتا رہتا ہوں۔