اسلام آباد: وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اداروں میں قریبی تعاون سے چیلنجز پر قابو پایا جاسکتا ہے، وزیر اعظم کا جنرل ہیڈکوارٹرز کا دورہ زبردست رہا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا، فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم اور ان کی کابینہ کو دنیا کی بہترین فوج کی کمانڈ پر فخر ہے ، وزیر اعظم کا دورہ جی ایچ کیو بہت اچھا رہا۔
انہوں نے کہا کہ دورہ کے موقع پر وزیر اعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، عمران خان سے جی ایچ کیو میں تمام پرنسپل اسٹاف آفیسرز کا تعارف کروایا گیا۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے ساتھ دفاع، خارجہ، داخلہ، خزانہ اور اطلاعات کے وزرا بھی موجود تھے، عمران خان نے یاد گار شہدا پر پھول رکھے اور شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
عمران خان جی ایچ کیو میں اجلاس کی صدارت کرنے والے پہلے وزیرِ اعظم بن گئے
خیال رہے کہ آج وزیر اعظم عمران خان نے جنرل ہیڈکوارٹر (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اندرونی و بیرونی سطح پر چیلنجز کا سامنا ہے، قوم کے تعاون اور قومی حکمت عملی سے چیلنجز پر قابو پالیں گے۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ملک کی حفاظت کے لئے پاک فوج قوم کی توقعات پر پورا اترے گی، ہر قیمت اور قربانی دے کر مادر وطن کا دفاع یقینی بنایا جائے گا۔
پاکستان اندرونی و بیرونی خطرات کا شکار ہے، قوم کے تعاون سے چیلنجز پر قابو پالیں گے: وزیراعظم
واضح رہے کہ عمران خان پاکستانی تاریخ کے پہلے وزیرِ اعظم ہیں جنھوں نے جی ایچ کیو میں اجلاس کی صدارت کی، یہ وزیرِ اعظم عمران خان کا ایک اور اعزاز ہے جو انھیں حاصل ہوا۔