اٹلی نے سال 2026 سے 2028 تک تقریباً 5 لاکھ نئے ورک ویزے جاری کرنے کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد لیبرز (ملازمین) کی قلت پر قابو پانا ہے۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق اٹلی آئندہ تین سال کے دوران غیر یورپی ممالک کے شہریوں کیلیے تقریباً 5 لاکھ نئے ورک ویزے جاری کرے گا جو ملازمین کی قلت کے جواب میں قانونی امیگریشن چینلز کو وسعت دینے کی حکمت عملی ہے۔
سال 2026 میں کُل 1 لاکھ 64 ہزار 850 غیر ملکی شہریوں کو اٹلی میں کام کرنے کی اجازت دی جائے گی جبکہ 2028 تک 4 لاکھ 97 ہزار 550 ورک ویزے جاری کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: اٹلی کا شینگن ویزا حاصل کرنے کے لیے کیا کریں؟
وزیر اعظم جارجیا میلونی نے اقتدار سنبھالنے کے بعد یہ دوسرا اہم اقدام اٹھایا ہے۔ حکومت نے پہلے ہی 2023 اور 2025 کے درمیان تارکین وطن کو 450,000 سے زیادہ پرمٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
قوانین کے ساتھ نئے مزدروں کو کام کی اجازت دینے کے ساتھ جارجیا میلونی نے غیر قانونی آمد کے خلاف سخت مؤقف اپنایا ہے جس کا مقصد غیر قانونی تارکین وطن کی آمد اور خیراتی اداروں کی سرگرمیوں کو روکنا ہے۔
حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ ورک ویزے جاری کرنے کے کوٹے کا تعین سماجی شراکت داروں کی طرف سے ظاہر کی گئی مانگ اور پچھلے سالوں میں جمع کروائے گئے ورک پرمٹ کیلیے اصل درخواستوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
2024 میں پیدائش کے مقابلے میں تقریباً 281,000 زیادہ اموات ہوئیں اور آبادی 37,000 کم ہو کر 58.93 ملین رہ گئی۔
ایک تحقیق کے مطابق آبادی کا مقابلہ کرنے اور باشندوں کی موجودہ سطح کو برقرار رکھنے کیلیے اٹلی کو 2050 تک کم از کم 10 ملین تارکین وطن کو ملک میں داخلے کی اجازت دینے کی ضرورت ہوگی۔