ولنگٹن: نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا ایرڈن کا کہنا ہے کہ گرجا گھروں اور ہوٹلوں میں لوگوں کو نشانہ بنانا ہولناک عمل ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا ایرڈن نے سری لنکا دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ ہر طرح کی انتہا پسندی کو مسترد کرتا ہے۔
جیسنڈا ایرڈن کا کہنا تھا کہ ہماری سرزمین پر15 مارچ کے حملوں کے بعد دہشت گردی کے خلاف ہمارا عزم مستحکم ہوچکا ہے۔
نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سری لنکا کے گرجا گھروں اور ہوٹلوں میں لوگوں کو نشانہ بنانا ہولناک عمل ہے۔
جیسنڈا ایرڈن کا مزید کہنا تھا کہ ہم مذہبی آزادی کی حمایت کرتے ہیں، ایسے پُرتشدد واقعات کو روکنے کے لیے ہم سب کو اجتماعی کوششیں کرنی ہوں گی۔
سری لنکا دھماکے، 290 افراد ہلاک، 500 سے زائد زخمی، ملک میں کرفیو نافذ
یاد رہے کہ گزشتہ روز سری لنکا میں ایسٹر کے موقع پر 3 گرجا گھروں اور چار ہوٹلوں میں یکے بعد دیگرے آٹھ دھماکے ہوئے تھے، جس کے نتیجے میں 290 افراد ہلاک جبکہ سینکڑوں زخمی ہوئے۔
سری لنکن وزیراعظم نے ملک میں ہونے والے دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ اقدام قرار دیا تھا۔
سری لنکا کے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت صورت حال پرقابوپانے کے لیے اقدامات کررہی ہے، عوام مشکل وقت میں متحد رہیں، افواہوں پرکان نہ دھریں۔