جمعہ, مئی 16, 2025
اشتہار

جیکب آباد:جلوس کی گزرگاہ پردھماکہ،23افراد جاں بحق

اشتہار

حیرت انگیز

جیکب آباد : نویں محرم کے جلوس کی گزرگاہ پر جیکب آباد میں زور دار بم دھماکہ سے 23 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے ۔ دھماکے کے بعد اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی

تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں مرتضی پارک کے قریب لاشاری محلہ میں ماتمی جلوس اپنی منزل کی جانب رواں دواں تھا کہ اچانک زوردار دھماکہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 23 افراد موقع پر ہی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

سانحہ جیکب آبادکےبعدامن وامان کیلئےفوج طلب کرلی گئی ،جبکہ غفلت برتنےپرایس ایس پی ملک ظفراقبال معطل کردیاگیا۔

شہید ہونے والوں میں سورج کھوسو ،زاہد حسین، حبیب اللہ، صبا ،قاسم ،عامر سومرو اور دیگر شامل ہیں ۔

دھماکے میں جاں بحق ہونےوالے بچوں میں دو سالہ صبا،چھ سالہ اقصیٰ،نوسالہ سورج کھوسو،آٹھ سالہ زاہد اور آٹھ سالہ عامر سومرو شامل ہیں۔ اس کے علاوہ مرنیوالوں میں دو سگے بھائی بھی شامل ہیں۔

دھماکے کے بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

ماتمی جلوس پر حملے کے بعد مشتعل افراد نے ایس ایس پی اور ڈی ایس پی کو گھیرلیا،شدید ہنگامہ آرائی کی اور واقعے کےخلاف شدید تعرے بازی کی.

وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے شہریوں نسے پر امن رہنے کی اپیل کی ہے۔لاڑکانہ سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں بھی عزاداروں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں کو بند کردیا۔

امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ زخمیوں میں سے متعدد افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

جیکب آباد میں احتجاج کے دوران مشتعل افراد نے متعدد گاڑیوں کو آگ لگادی، دھماکے کے بعد لوگ مشتعل ہو گئے اور پولیس افسران کو زدو کوب کیا،۔

پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر افسران کو بچایا، مشتعل مظاہرین نے ڈی سی او چوک پر متعدد گاڑیوں کو آگ بھی لگادی، پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ کی۔

مشتعل مظاہرین نے پتھراؤ کرکے ٹریفک معطل کردیا متعدد گاڑیوں کو آگ بھی لگادی، رینجرز نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پا یا، اس علاوہ سندھ، بلوچستان سرحد کو بھی سیل کردیاگیاہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے جیکب آبادایئربیس کےکمانڈرسےٹیلیفون پررابطہ کرکے زخمیوں کی کراچی، سکھر،لاڑکانہ اور سی ایم ایچ پنوعاقل منتقلی کیلئےائیرایمبولینس دینے کی درخواست کی ہے۔

علاوہ ازیں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کارکنوں اور عوام سے دھماکے کے بعد خون کا عطیہ دینے کی اپیل کی ہے۔

انہوں نے پارٹی کارکنوں اور عہدیداروں کو ہدایت کی ہے کہ جلد از جلد اسپتا لوں میں پہنچ جائیں اور فوری طور پر خون کا عطیہ دیں انہوں نے سندھ کے سرکاری حکام کو بھی ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں دی جائیں۔

سابق صدر آصف زرداری بلاول بھٹو زرداری،وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف،پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان ، گورنر پنجاب رفیق رجوانہ، قائد ملت جعفریہ علامہ ساجد نقوی اور ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ ناصر عباس اوریپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور وٹو نے جیکب آباد بم دھماکے میں بے گناہ افراد ہلاکتوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے


Eight killed blast near procession in Jacobabad by arynews

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں