جیکب آباد صوبہ سندھ کا وہ شہر ہے جو برطانوی دور کے ایک انگریز افسر جان جیکب کے نام سے موسوم ہے۔
جان جیکب نے اس شہر کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔ اس زمانے میں جب اہم سرکاری امور کی انجام دہی اور دیگر شہروں سے رابطے اور آمدورفت میں دشواری پیش آئی تو جان جیکب نے متعدد انتظامات کیے۔ اس وقت خط و کتابت اور پیغام رسانی بھی ایک بڑا مسئلہ تھا جس کا حل کبوتر جیسے خوب صورت اور معصوم پرندے کی شکل میں نکالا گیا اور یہ پیغام رسانی اور جاسوسی کے کام آیا۔
جیکب آباد میں جنرل جان جیکب نے 1860 میں ایک کبوتر گھر تعمیر کروایا تھا جو آج بھی اس دور کی خوب صورت یادگار کے طور پر موجود ہے۔
یہ صوبہ سندھ میں اپنی نوعیت کی پہلی اور منفرد کبوتروں کی نرسری تھی جسے انگریز افسر نے ابلاغی نظام اور جاسوسی کے مقصد کے تحت اپنی رہائش کے احاطے میں تعمیر کروایا تھا۔
یہ کبوتر گھر 30 فٹ بلند ہے جس میں تین سو سے زائد آشیانے بنائے گئے ہیں اور یہ آج بھی کبوتروں کا مسکن ہے۔ تاہم اس عمارت کی دیواروں میں دراڑیں پڑ چکی ہیں اور رنگ پھیکا پڑ چکا ہے جب کہ صفائی ستھرائی کا خیال تو جان جیکب سے زیادہ کوئی رکھ ہی نہیں سکتا جسے اپنے ان کبوتروں سے بہت پیار تھا۔