جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

کم سن بچیوں کو ونی کرنے والے مزید 2 ملزمان گرفتار

اشتہار

حیرت انگیز

جیکب آباد: سپریم کورٹ کے نوٹس کے بعد جیکب آباد جرگہ کیس میں نامزد مزید 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتار ملزمان کی تعداد 5 ہوگئی۔ سیشن عدالت نے ملزمان کو ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

جیکب آباد میں غیر قانونی جرگے نے 2 کم سن بچیوں کو ونی کرنے کا فیصلہ دیا تھا جس کا چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار نے نوٹس لے لیا۔ عدالت کے حکم پر پولیس حرکت میں آئی اور کیس میں نامزد مزید 2 ملزمان شکیل اور سکندر کو گرفتار کر لیا گیا۔

مذکورہ کیس میں گزشتہ روز بھی وڈیرے سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق جرگے میں شامل علاقے کے وڈیرے سمیت 8 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ مقدمہ کمسن بچیوں کی ماں کی مدعیت میں تھانہ کریم بخش میں درج کیا گیا۔ کیس میں اب تک 5 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

یاد رہے کہ جیکب آباد میں ناجائز تعلقات کے معاملے پر جرگہ منعقد ہوا تھا جس میں جرگے نے جرمانہ نہ دینے پر 2 کمسن بچیوں کا رشتہ مخالف پارٹی کو دینے کا فیصلہ سنایا تھا۔

جرگے نے ناجائز تعلقات کے ملزم پر 13 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا تھا جس کی عدم ادائیگی پر ملزم کے بھائی ہاشم کی کم سن بیٹیوں کے رشتے مدعی خاندان کو دینے کا فیصلہ دیا گیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں