ممبئی: بالی وڈ کی معروف اداکارہ جیکلین فرنانڈیز کو کرسمس کے موقع پر فرانس میں موجود 107 سال پرانا انگور کا باغ تحفے میں مل گیا۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 200 کروڑ منی لانڈرنگ کیس میں قید سکیش چند شیکھر نے 25 دسمبر 2024 کو کرسمس کے موقع پر اپنے ہاتھ سے لکھا خط اداکارہ کو ارسال کیا جس کی کاپی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
خط میں سکیش چند شیکھر نے خود کو جیکلین فرنانڈیز کا سانتا کلاز قرار دیا جبکہ اداکارہ کو کرسمس کی مبارکباد دی۔
یہ بھی پڑھیں: جیکلین کیلیے ہالی وڈ میں 135 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کس نے کیا؟
اس نے خط میں لکھا کہ ’بے بی گرل، آپ کو کرسمس کی مبارک ہو۔ سال کا ایک اور خوبصورت دن اور ہمارا سب سے پسندیدہ تہوار لیکن ایک دوسرے کے بغیر ہے۔ تاہم ہماری روحیں ایک دوسرے سے جڑی ہیں۔ میں محسوس کر سکتا ہوں کہ ہم دنوں نے ایک دوسرے کا ہاتھ تھاما ہے اور آنکھوں سے آنکھیں ملا رہے ہیں‘۔
خط میں سکیش چند شیکھر نے جیکلین فرنانڈیز کو دیے گئے خصوصی تحفے کا بھی ذکر کیا۔ اس نے لکھا کہ ’آپ سے دور رہنا مجھے آپ کا سانتا کلاز بننے سے نہیں روک سکتا۔ میرے پاس اس سال آپ کیلیے ایک بہت ہی خاص تحفہ ہے۔ میں آپ کو شراب کی بوتل تو نہیں لیکن فرانس میں انگور کا ایک پورا باغ تحفے میں دے رہا ہوں جس کا آپ نے ہمیشہ خواب دیکھا تھا‘۔
اپنے خط میں اس نے مزید کہا کہ وہ اداکارہ کے ساتھ انگور کے باغ کو ایکسپلور کرنے کا انتظار نہیں کر سکتے۔ ’میں آپ کا ہاتھ پکڑے اس باغ میں سیر کرنے کو بے چین ہوں۔ دنیا سمجھتی ہے کہ میں پاگل ہوں لیکن میں واقعی میں آپ کی محبت میں پاگل ہوں۔ انتظار کریں جب تک میں باہر نہ آؤں، پھر ساری دنیا ہمیں ایک ساتھ دیکھے گی‘۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب سکیش چند شیکھر نے جیل سے جیکلین فرنانڈیز کو خط بھیجا ہے، اس نے اداکارہ کی سالگرہ پر بھی ایک خط لکھا تھا جس میں اس بات کا اظہار کیا گیا تھا کہ وہ انہیں کتنا یاد کرتے ہیں۔
ملزم نے ایک اور خط میں انہیں ہولی کی مبارکباد دی تھی۔ تاہم اپنے تمام پچھلے خطوط کی طرح جیکلین فرنانڈیز نے اس کا جواب نہیں دیا۔