ممبئی: 200 کروڑ روپے منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار سکیش چندر شیکھر نے جیل سے بالی وڈ کی معروف اداکارہ جیکلین فرنانڈز کو ایک اور خط بھیج دیا۔
جیکلین فرنانڈز کا دعویٰ ہے کہ ان کا سکیش چندر شیکھر سے کوئی تعلق نہیں، لیکن اس کے باوجود ملزم مسلسل جیل سے اداکارہ کو خط بھیج رہا ہے۔ پہلے اس نے ویلنٹائن ڈے، سالگرہ اور اب نو روزہ تہوار نوراتری کے آغاز پر خط لکھا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سکیش چندر شیکھر نے خط میں لکھا کہ ’آپ دوحہ شو میں خوبصورت لگ ری تھیں، آپ سے زیادہ پیارا اور کوئی نہیں ہے۔‘
ملزم نے لکھا کہ ’کل سے نوراتری کا تہوار شروع ہو رہا ہے۔ میں اپنی زندگی میں پہلی بار آپ کیلیے اور بیماریوں سے بچنے کیلیے 9 روز کے برت رکھوں گا۔ سب کچھ ہمارے حق میں ہوگا اور سچائی غالب آئے گی۔ ہم بہت جلد ایک دوسرے کے ساتھ ہوں گے اور ہمیشہ ساتھ رہیں گے۔‘
سکیش چندر شیکھر اس وقت دہلی کی منڈولی جیل میں منی لانڈرنگ کے الزام میں سزا کاٹ رہا ہے۔ جیکلین فرنانڈز اور نورا فتیحی کو ملزم کا قریبی دوست ہونے کی بنیاد پر کیس میں شاملِ تفتشی کیا گیا ہے۔