بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ جیکولین فرنینڈس کی والدہ کم فرنینڈس انتقال کرگئیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جیکولین فرنینڈس کی والدہ طویل علالت کے بعد 76 سال کی عمر میں ممبئی کے لیلاوتی اسپتال میں فانی دنیا کو خیر باد کہہ گئیں۔
اداکارہ کے خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ اداکارہ کی والدہ کئی برسوں سے کینسر میں مبتلا تھیں، گزشتہ ہفتے انہیں دل کا شدید دورہ پڑنے کے بعد اسپتال کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کیا گیا تھا، جہاں ڈاکٹروں کی کوششوں کے باوجود ان کی زندگی نہ بچائی جاسکی۔
اپنی والدہ کی بیماری کے دوران جیکولین نے تمام پیشہ ورانہ مصروفیات سے کنارہ کشی اختیار کی ہوئی تھی،انہوں نے حال ہی میں انڈین پریمیئر لیگ کی ایک تقریب میں پرفارم کرنے سے بھی انکار کردیا تھا۔
اداکارہ کی والدہ کم فرنینڈس کو 2020 میں فالج کا اٹیک بھی ہوا تھا، جس کے بعد انہیں بحرین کے ایک اسپتال میں علاج کے لیے داخل ایڈمٹ کرایا گیا تھا۔
اداکارہ کی والدہ کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغامات کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، بالی ووڈ کے کئی معروف اداکاروں کی جانب سے جیکولین سے ہمدردی کا اظہار کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل جیکولین کی ممبئی کے علاقے ناروج ہل میں رہائشی عمارت کی 17 ویں منزل پر اچانک خوفناک آگ بھڑک اُٹھی تھی جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔
آگ لگنے کے بعد فائر بریگیڈ کا عملہ اپنی گاڑیوں اور مشینوں کے ہمراہ متاثرہ مقام پر پہنچا، مقامی افراد نے بتایا تھا کہ آگ تیرہویں منزل کے ایک کچن میں لگی تھی۔
جیکولین اس بلڈنگ کے ایک فائیو بی ایچ کی پرتعیش رہائش گاہ میں رہائش پذیر ہیں، آگ پر ریسکیو عملے نے قابو پالیا تھا۔