بدھ, مارچ 12, 2025
اشتہار

جعفر ایکسپریس حملہ : 104مسافر بحفاظت بازیاب، 16 دہشت گرد ہلاک

اشتہار

حیرت انگیز

کوئٹہ : بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر حملے کے واقعے میں سیکیورٹی فورسز نے اب تک 104 مسافروں کو بحفاظت بازیاب کرالیا۔

اے آر وائی نیوز کوئٹہ کے بیورو چیف مصطفیٰ خان ترین کی رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں نے حملہ کرکے مسافروں کو یرغمال بنالیا تھا جس کے بعد سکیورٹی فورسز نے کلیئرنس آپریشن کرکے اب تک 104 یرغمال مسافروں کو بازیاب کروالیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے اب تک جن 104مسافروں کو باز یاب کرایا ہے ان میں 58مرد، 31 خواتین اور 15 بچے شامل ہیں، سیکیورٹی فورسز  نے دہشت گردوں کے گرد گھیرا مزید تنگ کردیا ہے دونوں جانب سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے، دیگر مسافروں کی بحفاظت بازیابی کے لیے سکیورٹی فورسز کے اہلکار کوشش جاری رکھے ہوئے ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اب تک 16دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا جاچکا ہے اور متعدد زخمی ہوئے ہیں، اس کے علاوہ 17زخمی مسافروں کو فوری طبی امداد کیلیے اسپتال منتقل کیا جا چکا ہے۔

دہشت گرد اپنےبیرون ملک ہینڈلرز سے بذریعہ سیٹلائٹ فون رابطے میں ہیں، فورسز نے چھوٹی ٹولیوں میں تقسیم دہشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ کردیا۔

علاوہ ازیں جعفر ایکسپریس سے بازیاب کیے جانے والے مسافر بحفاظت کوئٹہ کے مچھ ریلوے اسٹیشن پہنچ گئے ہیں، درجنوں مسافروں کو پہلے پنیر اور وہاں سے مچھ اسٹیشن پہنچایا گیا۔

کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر عوام کی معلومات کیلیے خصوصی انفارمیشن ایمرجنسی ڈیسک قائم کیا گیا ہے متعدد مسافروں کے اہل خانہ کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پہنچ گئے۔

مزید پڑھیں : بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر حملہ، سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کا گھیراؤ کرلیا

ذرائع کے مطابق مسافر ٹرین جعفر ایکسپریس کوئٹہ سے پشاور جارہی تھی کہ اس دوران پہلے ٹریک پر دھماکا کیا گیا اور پھر ٹرین پر فائرنگ ہوئی جس کے بعد ٹرین میں موجود سکیورٹی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں