کوئٹہ: ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ تین روز قبل پشاور سے روانہ ہونے والی جعفر ایکسپریس تاحال کوئٹہ نہیں پہنچ سکی ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق جعفر ایکسپریس پشاور سے تین روز قبل روانہ ہوئی تھی تاہم اس کی بوگی گزشتہ روز بختیار آباد کے قریب پٹری سے اتر گئی، جس کے باعث اس کی آمد میں تاخیر ہو گئی ہے۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ جعفر ایکسپریس کی بوگی کو پٹری پر چڑھانے کے بعد ٹرین کو جیکب آباد بھیج دیا گیا ہے، اور اس کے مسافر آج شام کوئٹہ پہنچ جائیں گے۔
اسٹیشن ماسٹر کے مطابق جعفر آباد ایکسپریس کی نوتال ریلوے اسٹیشن کے قریب بوگی نمبر 2 پیڑی سے اتری تھی، جسے 5 گھنٹوں کے بعد روانہ کر دیا گیا تھا۔
دوسری طرف حکام کے مطابق چمن پسنجر ٹرین آج ایک روز کے لیے معطل ہے، کیوں کہ چمن پسنجر ٹرین کے ذریعے جعفر ایکسپریس کے مسافروں کو کوئٹہ سے سبی تک پہنچایا جائے گا۔
یاد رہے کہ پیر کو خيرپور میں گمبٹ ریلوے اسٹیشن پر ڈاکوؤں کے حملے کا غیر معمولی واقعہ پیش آیا تھا، جس میں ڈاکوؤں نے اسٹیشن عملے کو یرغمال بنا کر ان سے رقم لوٹی تھی، عملے کی جانب سے مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے پوائنٹ مین کو زخمی کر دیا تھا، جنھیں طبی امداد کے لیے گمس اسپتال منتقل کیا گیا۔