اسلام آباد: حکومت نے جہانگیر ترین اور پرویز خٹک کو اتحادی جماعتوں کو منانے کا ٹاسک دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین اور وزیر دفاع پرویز خٹک سیاسی محاذ پر سرگرم ہوگئے، دونوں رہنما اتحادی جماعتوں کو منانے کے لیے ملاقاتیں کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر جی ڈی اے، بلوچستان عوامی پارٹی سے ملاقات کریں گے، دونوں رہنما کل (ق) لیگ، بی این پی قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ق لیگ سے ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بھی ہمراہ ہوں گے، جمعرات کے روز بی این پی مینگل کے سربراہ سے ملاقات طے ہوئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین، پرویز خٹک اتحادیوں کو مطالبات پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کریں گے۔
مزید پڑھیں: ہم اتحادی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے ، وزیراعظم
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اتحادی جماعتوں نے حکومت کا ہر مشکل وقت میں ساتھ دیا، ہم اتحادی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے اور تحفظات دور کریں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ اتحادی جماعتوں کےتحفظات ختم کرنے کیلئےحکومتی کمیٹی بنائی ہے، حکومتی کمیٹی کا تمام اتحادی جماعتوں کےساتھ رابطہ ہے، اتحادیوں کے تحفظات دور کیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ پیر پگارا نے گورنر سندھ سے ملاقات میں کہا تھا کہ جہانگیر ترین کے ساتھ آپ آئے تھے، صرف ایم کیو ایم نہیں ہم بھی اتحادی ہیں، ہم نے وزارت کی شکایت نہیں کی حالانکہ ہمیں غیر اہم وزارت دی گئی۔