اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے جہانگیر ترین نے ملاقات کی جس میں ملکی مجموعی سیاسی صورت حال اور پارٹی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے جہانگیر ترین کی ملاقات ہوئی جس میں گندم بحران پر تبادلہ خیال کیا گیا، گندم کی دوسرے صوبے نقل وحمل کے نظام میں خامیوں پر بھی گفتگو کی گئی۔
ذرائع کے مطابق گندم کی نقل وحمل کے نظام میں خامیاں گندم بحران کا سبب بنیں، جہانگیرترین نے گندم بحران کو حل کرنے سے متعلق کی جانے والی کوششوں سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کے پاسکو سے گندم کا اسٹاک اٹھانے میں تاخیر بحران کی وجہ بنی، پنجاب نے گندم اسٹاک کو صوبے سے باہر لے جانے پر پابندی لگائی، بحران پیدا ہونے پر پنجاب کو گندم کی نقل وحمل پر پابندی اٹھانا پڑی۔
ذرائع کے مطابق پنجاب کے فیصلے کے بعد سندھ حکومت نے گندم کا اسٹاک اٹھا لیا، پنجاب کی جانب سے گندم کی سپلائی کھلنے تک بحران ختم ہوچکا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں آئندہ گندم بحران جیسے مسائل سے بچنے کے لیے پیشگی اقدامات پر بھی مشاورت کی گئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان کو آٹا بحران سے متعلق رپورٹ بھجوا ئی گئی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ آٹا بحران باقاعدہ ایک منصوبہ بندی کے تحت پیدا کیا گیا۔