اسلام آباد : نگراں وزیراعظم کے مضبوط امیدوار جلیل عباس جیلانی وزیراعظم ہاؤس پہنچ گئے ، جہاں وہ وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق سابق سیکریٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی نگراں وزیراعظم کیلئے مضبوط امیدوارکے طور پر سامنے آگئے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ جلیل عباس جیلانی وزیراعظم ہاؤس پہنچ گئے ہیں ، جہاں وہ وزیراعظم سے ملاقات کریں گے۔
پارلیمانی حلقوں اورایوان کی راہداریوں میں جلیل عباس جیلانی کا نام زیرگردش ہے، قانون میں بی اے اوردفاعی امورمیں ماسٹر کی ڈگری رکھنے والے جلیل عباس جیلانی امریکا اوربھارت میں سفیر کی ذمےداری نبھا چکےہیں۔
وہ پیشہ ور سفارت کار ہیں ، بطورسیکریٹری خارجہ تعیناتی سے پہلے بیلجیئم، لکسمبرگ اور یورپی یونین میں پاکستان کے سفیر رہے اور سفارتی ذمےداریوں کے دوران برسلز میں نیٹو ہیڈکوارٹرکے ساتھ بھی مسلسل رابطےمیں رہے۔
اس کے علاوہ جدہ اور لندن میں بھی تعینات رہے جبکہ کینبرا میں ہائی کمشنر کے عہدے پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔
جلیل عباس جیلانی سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے کزن ہیں۔