امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کل ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ کل ملک بھرمیں شہید حسن نصر اللہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جائے گی، جماعت اسلامی کی جانب سے دھرنے دیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگی بجلی اور آئی پی پیز کیخلاف شاہراہوں پر احتجاجی دھرنے دیں گے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ دنیا بھر کے عوام اسرائیل کی ناجائز صیہونی ریاست کیخلاف آواز بلند کریں، عوام لبنان اور فلسطین کی مزاحمتی طاقتوں سے یکجہتی کا اظہار کریں۔
واضح رہے کہ دو روز قبل امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حکومت جعلی مینڈیٹ سے بنی مگر اب جب کہ یہی لوگ مسلط ہیں تو عوامی ریلیف کے حصول کے لیے انہیں ہی مجبور کیا جائے گا،عوام کا پیمانہ صبر جواب دے چکا ہے، یہ لاوا کسی وقت بھی پھٹ سکتا ہے۔ جماعت اسلامی انارکی نہیں چاہتی اسی لیے عوام کو منظم کرکے پرامن احتجاج کا راستہ اختیار کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کی قیادت اور کارکنان کو ہدایات جاری کیں کہ شاہراؤں پر دھرنے کے لیے عوام کو مکمل یکسوئی کے ساتھ موبلائز کیا جائے
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے اور بجلی و گیس کے بلوں، پٹرول کی قیمتوں پر عوام کو فوری ریلیف دے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت آئی پی پیز معاہدے ختم کرے، جاگیرداروں پر ٹیکس لگائے اور تنخواہ دار طبقہ اور تاجروں کو ٹیکس میں ریلیف دے۔