تازہ ترین

جماعت اسلامی نے منتخب بلدیاتی نمائندوں کے تحفظ کے لیے درخواست دائر کر دی

کراچی: جماعت اسلامی نے سندھ ہائیکورٹ میں منتخب بلدیاتی نمائندوں کے تحفظ کے لیے درخواست دائر کر دی۔

تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کراچی نے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے استدعا کی ہے کہ چیف سیکریٹری اور آئی جی سندھ کو منتخب بلدیاتی نمائندوں کو ہراساں کرنے سے روکا جائے۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ مختلف ٹاؤنز کے منتخب نمائندوں کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کی جائیں، اور الیکشن کمیشن کو ہدایت کی جائے کہ تمام منتخب نمائندوں کے حلف کو یقینی بنائیں۔

درخواست میں الیکشن کمیشن، چیف سیکریٹری سندھ اور آئی جی سندھ کو فریق بنایا گیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے سندھ ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے سندھ ہائی کورٹ میں فوری سماعت کی درخواست دائر کی ہے، بلدیاتی انتخابات کو یرغمال بنایا جا رہا ہے، سندھ حکومت ان انتخابات پر قبضہ کرنے کے لیے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے، ڈھائی سال کی جدوجہد کے بعد بلدیاتی الیکشن ہوئے ہیں۔

Comments

- Advertisement -