اتوار, نومبر 3, 2024
اشتہار

حکومت جماعت اسلامی مذاکرات کا تیسرا دور بھی بے نتیجہ ختم

اشتہار

حیرت انگیز

راولپنڈی : حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور بھی بے نتیجہ ختم ہوگیا، لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ ہمارا دوٹوک مؤقف ہے کہ ہم عوام کے لیے ریلیف چاہتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق حکومت اورجماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور بھی بے نتیجہ رہا اور مذاکرات میں کوئی پیشرفت نہ ہوسکی۔

آج پھر مذاکرات ہوں گے، ڈائیلاگ 6دن تعطل کا شکار رہے، حافظ نعیم کے7 اگست کو مارچ کے اعلان پر حکومتی کمیٹی حرکت میں آئی۔

- Advertisement -

کمشنر ہاؤس میں بات چیت ایک گھنٹہ سے زائد جاری رہی، بات چیت میں پہلی بار وزیرداخلہ محسن نقوی بھی شریک ہوئے۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی کی مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ لیاقت بلوچ نے کہا کہ ہم نے حکومت کے سامنے مؤقف رکھا ہے، حکومت ہماری تجاویز پر جواب دے گی۔

انہوں نے میڈیا کو بتایا ہم نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ عوام کیلئے ریلیف چاہتے ہیں، باتیں سب اچھی کرتے ہیں، لالی پاپ دینا حکمرانوں کے بائیں ہاتھ کا کام ہوتا ہے۔

حکومت کی کمیٹی کی جانب سے تحریری صورت میں تجاویز دی جائیں گی، حکومتی کمیٹی کی تجاویز پر امیرجماعت اسلامی سے مشاورت کریں گے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ ہم کسی کے مطالبے پر نہیں رکیں گے، عوام کو ریلیف دلوا کر ہی یہاں سے جائیں گے، ہمارا مسئلہ ذاتی نہیں ہے، عوام کے لیے ریلیف چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دھرنے سے متعلق ہم اپنا فیصلہ کرنے میں آزاد ہیں، حافظ نعیم الرحمان نے جو اعلانات کیے ہیں اس کے مطابق چلیں گے، ہم وہی اقدام کریں گے جو عوام کے حق میں ہوں۔

مذاکرات میں کہا کہ کمیٹی تو غائب ہوگئی تھی ہم نے اشتہارات دیئے، حکومتی کمیٹی نے کہا کہ ہم بھی اشتہار دیکھ کر ہی آئے ہیں۔

واضح رہے کہ جماعت اسلامی پاکستان کا بجلی کی زائد قیمتوں، آئی پی پیز اور مہنگائی و ٹیکسز کے خلاف پنجاب کے شہر راولپنڈی میں دھرنا 26 جولائی سے جاری ہے جسے 12 روز گزر چکے ہیں۔

اس کے علاوہ جماعت اسلامی کی جانب سے گورنر ہاؤس کراچی میں دیا جانے والا دھرنا بھی پانچویں روز میں داخل ہوچکا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں