لاہور: جماعت اسلامی پاکستان نے ملک میں ایک تاریخ کو انتخابات کرانے کے سلسلے میں چیف جسٹس آف پاکستان کے ریمارکس کا خیر مقدم کیا ہے، اس سے قبل ملک کی بڑی سیاسی جماعت پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے بھی مشورے کا خیر مقدم کیا۔
تفصیلات کے مطابق سیکریٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان قیصر شریف نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ سے اپیل ہے کہ وہ سیاسی جماعتوں کو کچھ وقت دے، چیف جسٹس کے ریمارکس کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
رہنما جماعت اسلامی نے کہا کہ سیاسی جماعتوں میں مذاکرات کے لیے سراج الحق کی قیادت میں اخلاص کے ساتھ کوشش جاری ہے، جماعت اسلامی نے دیگر جماعتوں سے رابطوں کا سلسلہ پہلے ہی شروع کر دیا ہے۔
سیکریٹری اطلاعات نے کہا "ہم پر امید ہیں کہ جماعت اسلامی کی کوششوں کا مثبت نتیجہ نکلے گا، تمام جماعتیں ایک ہی دن الیکشن کی تاریخ پر اتفاق رائے پیدا کر لیں گی، اب تک کے رابطوں اور ملاقاتوں میں تمام لیڈرز کے اشارے مثبت ہیں۔”
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے ملک میں بہ یک وقت الیکشن کرانے کے کیس میں تمام سیاسی جماعتوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی جماعتیں ایک مؤقف پر آ جائیں تو عدالت گنجائش نکال سکتی ہے، درخواست پر سماعت کل صبح ساڑھے 11 بجے تک ملتوی کی گئی ہے۔
چیف جسٹس تھوڑا وقت دے دیں، ہم نے آپس میں مذاکرات شروع کر دیے ہیں، آصف زرداری
عدالت نے تحریری حکم میں کہا کہ بادی النظر میں سیاسی جماعتوں کو مذاکرات کا موقع دینے کی رائے درست ہے، لیکن مذاکرات کا موقع دینے کا ہرگز مطلب نہیں کہ 14 مئی کو انتخابات کا حکم ختم ہو گیا، الیکشن کمیشن اور وزارت دفاع کے تحفظات معقول نہیں ہیں۔