جمعہ, جون 6, 2025
اشتہار

بدترین لوڈشیڈنگ پر کےالیکٹرک دفاتر کے بعد جماعت اسلامی کے احتجاجی مظاہرے

اشتہار

حیرت انگیز

کے الیکٹرک کی شہر میں بدترین لوڈشیڈنگ، ظالمانہ ملٹی ائیر ٹیرف کی منظوری، ریکوری نقصانات کی عام صارفین سے وصولی کے خلاف پیر کو جماعت اسلامی کے تحت شہر بھر میں کے الیکٹرک آئی بی سیز سمیت 11مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

مظاہرین نے کے الیکٹرک، نیپرا اور حکومتی گٹھ جوڑ کے خلاف شدید احتجاج کیا اور پُر جو ش نعرے لگائے، مظاہرین نے لوڈشیڈنگ ختم کرنے، کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ کرنے، کراچی کو نیشنل گرڈ سے براہ راست بجلی فراہم کرنے کے لیے اور کے الیکٹرک کے ظالمانہ ملٹی ائیر ٹیرف کی منظوری و ریکوری نقصانات کی عام صارفین سے وصولی کے خلاف بینرز و پلے کارڈز بھی اُٹھائے ہوئے تھے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے لیاقت آباد ڈاکخانہ پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے عوام سخت گرمی میں کے الیکٹرک کی بدترین لوڈشیڈنگ کا شکار ہیں، بجلی کے ستائے عوام شہر بھر میں جگہ جگہ مظاہرے کر رہے ہیں، ملیر میں 14دن سے جماعت اسلامی کے تحت کے الیکٹرک آئی بی سی پر دھرنا جاری ہے، عوام کے الیکٹرک کے خلاف سراپا احتجاج ہیں، ہم واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ ہماری کسی سے ذاتی دشمنی نہیں ہے، ہماری جنگ اور جدو جہد کراچی کے عوام کے لیے ہے اور جب تک کراچی کے عوام کو حقیقی طور پر ریلیف نہیں ملے گا، کے الیکٹرک سے ہماری دشمنی اور جنگ جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک جنریشن اور ٹرانسمیشن میں مکمل طور پر ناکام ہو گئی ہے ہمارا مطالبہ ہے کہ صرف 300فیڈرز نہیں پوری کے الیکٹرک کو قومی تحویل میں لیا جائے، اس کا لائسنس منسوخ کیا جائے اور کراچی کو براہ راست نیشنل گرڈ سے بجلی فراہم کی جائے، کے الیکٹرک کے بنیادی ٹیرف میں جو اضافہ کیا گیا ہے اسے واپس لیا جائے، پورے ملک میں 35روپے فی یونٹ اور کراچی میں 40روپے کسی طرح بھی قبول نہیں، کراچی کے لیے یکساں ٹیرف مقرر کیا جائے اور لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ کیا جائے، ریکوری نقصانات کی عام صارفین سے وصولی بل ادا کرنے والوں پر ظلم ہے، یہ ظلم بند کیا جائے اسی طرح کراچی کے عوام کو ریلیف مل سکتا ہے، یہ مطالبات کراچی کے عوام کے مطالبات ہیں ان کو ماننا پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی اس جدو جہد اور مزاحمت کو لے کر آگے بڑھے گی اور کراچی کے شہریوں کو کے الیکٹرک کے رحم و کرم پر ہر گز نہیں چھوڑے گی، جماعت اسلامی کراچی کے عوام کے ساتھ ہے، بجلی و پانی کے بحران، شہر کے انفرا اسٹرکچر کی تباہ حالی، ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی سمیت دیگر مسائل کے حل اور اہل کراچی کے حقوق کے لیے عید الاضحیٰ کے بعد ایک بڑی تحریک شروع کرے گی، کراچی کے عوام کے تمام مسائل کی ذمہ دار وفاقی و صوبائی حکومتیں اور ان میں شامل حکمران پارٹیاں ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں