اسلام آباد : جماعت اسلامی نے پاناما لیکس کے معاملے پر کراچی سے خیبر تک ٹرین مارچ کا اعلان کیا ہے جب کہ سراج الحق کا کہنا ہے کہ پاناما لیکس والوں کے لئے اڈیالہ جیل میں جگہ کم پڑ جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق پاناما ہنگامہ پر ملک بھرمیں ہنگامہ برپا ہے۔ کرپشن کے خلاف جماعت اسلامی نے بھی کمر کس لی۔ کراچی سے خیبر تک ٹرین مارچ کا اعلان کردیا۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ کرپشن کرنے والے اب بچ نہیں سکیں گے۔
ایوانوں میں بیٹھے لوگ آئندہ چند دنوں میں جیلوں میں ہوں گے۔ سراج الحق کا کہنا تھا پاناما لیکس والوں کے لئے اڈیالہ جیل میں جگہ کم پڑ جائے گی لہٰذا بلوچستان اور سندھ کی جیلوں میں بھی رنگ و روغن کر لیا جائے۔
جماعت اسلامی کے ذرائع کے مطابق ٹرین مارچ جماعت اسلامی کی ’’کرپشن فری پاکستان‘‘ مہم کا حصہ ہے، مارچ رواں ماہ کے آخری ہفتے میں کیا جائے گا جس میں دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی شرکت کی دعوت دی جائے گی۔
مارچ کے دوران تمام چھوٹے بڑے ریلوے اسٹیشنوں پر عوامی اجتماعات منعقد ہوں گے۔جس میں عوام کو متحرک کیا جائے گا۔ ٹرین مارچ کی قیادت امیر جماعت اسلامی سراج الحق کریں گے۔