جماعت اسلامی پاکستان کی جانب سے جمعہ 31 جنوری کو ملک بھر میں آئی پی پیز کے خلاف احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے۔
جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ امیر جماعت اسلامی کے اعلان کے مطابق جمعہ 31 جنوری کو ملک بھر میں آئی پی پیز مافیا کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔
لیاقت بلوچ نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت بجلی سستی اور ناجائز ٹیکسز ختم کرے، کیونکہ بجلی، گیس اور تیل سستا ہونے سے ہی ملکی معیشت کا پہیہ چلے گا۔
انہوں نے اسمبلی ممبران سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ معاشی بحران کے اس دور میں اپنی تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ نہ کریں۔
واضح رہے کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے گزشتہ دنوں آئی پی پیز کے خلاف جمعہ 31 جنوری کو ملک گیر احتجاج کرنے کا اعلان کیا تھا۔
ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز مافیا، ان کے سہولت کاروں کے خلاف اور عوام کے حقوق کے لیے 31 جنوری کو پورے پاکستان میں بیک وقت احتجاجی مظاہرے و دھرنے دیے جائیں گے۔
اس پریس کانفرنس میں انہوں نے مطالبہ کیا تھا کہ بجلی کے بل کم اور ناجائز ٹیکسز ختم کیے جائیں، پیٹرول کی لیوی کم کی جائے۔ اربوں روپے کی سرکاری مراعات ختم کی جائیں،تنخواہ دار طبقے کو ریلیف فراہم کر کے جاگیردار طبقے پر ٹیکس عائد کیا جائے۔