اسلام آباد: سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی سے کمانڈر امریکن سینٹرل نیول کمانڈ جیمز مولے کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق کمانڈر امریکن سینٹرل نیول کمانڈ جیمز مولے کی نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد آمد ہوئی۔ اس موقع پر نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی سے جیمز مالے کی ملاقات ہوئی۔
ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ ملاقات میں بحر ہند میں سمندری تحفظ اور دو طرفہ بحری تعاون سمیت دیگر امور پر بات چیت ہوئی۔
اس سے قبل نیول چیف نے سعودی عرب میں انٹرنیشنل میری ٹائم فورم میں شرکت کی تھی جہاں کمانڈر رائل سعودی نیول فورسز سے ان کی ملاقات ہوئی تھی۔
ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ بحری تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ نیول چیف نے سمندری تحفظ اور امن یقینی بنانے کے لیے پاک بحریہ کے عزم کو اجاگر کیا۔
قبل ازیں برطانیہ کے سرکاری دورہ کے دوران نیول چیف نے فرسٹ سی لارڈ آف رائل نیوی اور اسسٹنٹ چیف آف دی نیول اسٹاف سے ملاقاتیں کی تھیں۔
ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ بحری تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔