کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ جامعہ بنوریہ عالمیہ کو یونیورسٹی کا درجہ دیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے جامعہ بنوریہ عالمیہ سائٹ کے دورے کے موقع پر طلبہ اور اساتذہ سے خطاب میں اعلان کیا کہ اس ماہ آپ کو ان شاء اللہ خوش خبری ملے گی، اور اس درس گاہ کو یونیورسٹی کا درجہ ضرور ملے گا۔
جامعہ بنوریہ عالمیہ میں آمد کے موقع پر گورنر سندھ کا زیر تعلیم غیر ملکی طلبہ کی جانب سے استقبال کیا گیا، انھوں نے جامعہ کے شعبہ بیرون میں مختلف ممالک کے طلبہ سے ملاقاتوں کے علاوہ مہتمم مفتی نعمان نعیم سے بھی ملاقات کی۔
کامران ٹیسوری نے کہا دنیا بھر سے طلبہ یہاں آ کر تعلیم حاصل کرتے ہیں، یہ جامعہ ایک ریاست کا کام کر رہی ہے، اسے یونیورسٹی کا درجہ دیا جائے گا، کسی بھی دینی ادارے کو پہلی بار یونیورسٹی کا درجہ ملے گا، میرا جامعہ بنوریہ عالمیہ کے ساتھ بھر پور تعاون جاری رہے گا۔
انھوں نے کہا میں سی ایس ایس کی تمام تیاریوں کی جامعہ بنوریہ میں ہی سہولیات کی فراہمی کا حکم دیتا ہوں۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ ان کے حکم پر ایک ایپ بنایا جا رہا ہے، جن کو ملازمت نہیں ملتی وہ اس پر ہم سے رابطہ کریں گے، تو ہم انھیں ملازمت فراہم کریں گے۔
کامران ٹیسوری نے کہا مفتی نعیم مرحوم سے میرا قریبی تعلق تھا، میں اپنی تمام پریشانیوں میں اس سے رابطے میں رہتا تھا، انھوں نے ایک ایسی درسگاہ بنائی جس کی مثال نہیں ملتی، امید ہے مفتی نعیم کے صاحب زادے اس جامعہ کو مزید وسعت دیں گے۔
گورنر سندھ نے کہا میں اس ادارے کے گیٹ چوکیدار سے لے کر اس کے مہتمم اعلیٰ تک سب کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔